"سب سیٹ ہے" کی ایک بار پھر ٹی وی پر واپسی

Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(زین مدنی ) اظفراور مانی کا مقبول ترین کامیڈی ڈرامہ سب سیٹ ہے دو دہائیوں بعد دوبارہ ٹی وی پر واپس آرہا ہے، 2000 کے اوائل میں نشر ہونے والے سٹ کام سب سیٹ ہے نے بہت کم عرصے میں نہ صرف کامیابی کے جھنڈے گاڑ دیئے تھے بلکہ لوگوں کے دل جیت لیے تھے۔

ڈرامے میں کراچی کے متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے چار دوستوں بوبی، عمران، پنٹو اور نادیہ کی کہانی دکھائی گئی تھی، یہ کردار اظفر علی، سلمان ثاقب شیخ عرف مانی، عدنان شاہ ٹیپو اور سلمی نے ادا کیے تھے، مزاح سے بھرپور اس ڈرامے کا سیکوئل مڈ لائف کے نام سے بہت جلد نشر کیا جائے گا۔

ڈرامے میں عمران کا کردار ادا کرنے والے اداکار، ڈائریکٹر اور رائٹر اظفر علی نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم لمبے عرصے بعد واپس آرہے ہیں، مڈ لائف میں سب سیٹ ہے کے چاروں مرکزی کرداروں کی مڈلائف یعنی ان کی زندگی کی آگے کی کہانی اور ادھیڑ عمری میں پیش آنے والے مسائل کو دکھایا جائے گا، اس کے علاوہ سب سیٹ ہے کی طرح مڈلائف مکمل سٹ کام نہیں ہوگا بلکہ سیریل ہوگا تاہم اس میں کامیڈی بھی دکھائی جائے گی جو ناظرین کو یقینی طور پر پرانے دور کی یاد دلائے گی۔

ڈرامے کی کاسٹ کے حوالے سے اظفر کا کہنا تھا کہ ڈرامے کے بنیادی کرداروں کے علاوہ اداکارہ مرینہ خان، عائشہ عمر، خالد انعم، بہروز سبزواری اور جنان حسین بھی ڈرامے کی کاسٹ میں شامل ہیں جبکہ حرا مانی بھی مختصر کردار میں نظر آئیں گی

Sughra Afzal

Content Writer