ویب ڈیسک : وفاقی دارالحکومت میں خشک سردی کے دوران اسموگ کے بڑھتے خطرات کے پیش نظر وزارت قومی صحت کی جانب سے اسلام آباد کے شہریوں کو خبردار کر دیا گیا ہے۔
وزارت قومی صحت نے اسلام آباد کے شہریوں کیلئے اسموگ سے متعلق احتیاطی تدابیر پر مشتمل ایڈوائزری جاری کردی، جس کے مطابق اسلام آباد میں فضائی آلودگی تیزی سے بڑھنے کا خدشہ ہے۔
وزارت صحت کی جاری کردہ ایڈوائزری کے مطابق اسلام آباد میں اسموگ صحت عامہ کیلئے خطرہ بن سکتی ہے، اسموگ کے دوران فضا میں موجود ذرات صحت کیلئے سنگین خطرہ ہیں اس لیے اسلام آباد کے شہری اسموگ بڑھنے پر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ اسموگ سے بچے، بوڑھے، دائمی امراض کا شکار افراد کو زیادہ خطرہ ہے، بچے، بزرگ، دائمی امراض کا شکار افراد اسموگ میں خصوصی احتیاط کریں۔
جاری کردہ ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ شدید اسموگ سانس، دل، آنکھوں کی بیماریوں میں اضافہ کرتی ہے، شہری گھر سے غیر ضروری باہر نہ نکلیں، کھڑکیاں اور دروازے بند رکھیں، شہری فضائی آلودگی والے علاقوں میں جانے سے پرہیز کریں۔ "شہری لکڑی، کوڑا جلانے، دھواں پھیلانے سے اجتناب کریں اور دوران اسموگ آنکھوں میں جلن ہونے پر صاف پانی سے دھوئیں، اسموگ کے دوران ماسک پہن کر گھر سے نکلیں جبکہ سانس کی تکلیف، درد سینہ پر معالج سے رجوع کریں”۔
وزارت صحت نے ہدایت کی ہے کہ دمہ اور سانس کے مریض ادویات ساتھ رکھیںِ اسموگ سیزن کے دوران شہری پانی کا زیادہ استعمال کریں، شہری فضائی آلودگی میں کمی کیلئے حکومت کا ساتھ دیں۔