ویب ڈیسک:امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ایک اور دھچکا لگ گیا، ٹرمپ آرگنائزیشن پر ٹیکس فراڈ کے الزامات ثابت ہوگئے۔
غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق نیویارک کی 12 رکنی جیوری نے 6 ہفتے ٹرائل کے بعد فیصلہ سنادیا ہے۔خبر ایجنسی کے مطابق جیوری کی سماعت میں ڈونلڈ ٹرمپ پیش نہیں ہوئے۔
پراسیکیوٹرز کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ ٹیکس چھپانے کی 15 سالہ اسکیم سے پوری طرح واقف تھے، کمپنی کے ایگزیکٹیوز کو کم تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے رکارڈ سے باہر مراعات دی گئیں۔پراسیکیوٹرز کا کہنا ہے کہ کم تنخواہوں کی ادائیگی سے کمپنی کے ٹیکس واجبات میں کمی آئی۔خبر ایجنسی کے مطابق ٹرمپ آرگنائزیشن کے چیف فنانشل آفیسر ایلن ویسلبرگ پہلے ہی ڈیل کرچکے ہیں۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق کمپنی کو تقریباً 1.6 ملین ڈالر کا جرمانہ ہوسکتا ہے جبکہ اسے مستقبل میں قرضوں اور فنانسنگ کے حصول میں بھی دشواری کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔