سٹی42:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کا صحت کے عالمی دن پر پیغام، کہا کہ عالمی یوم صحت پر پنجاب کے عوام کو صحت اور علاج کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔
تفصیلات کےمطابق مریم نوازشریف کا کہنا تھا کہ پنجاب میں ”صحت مند پنجاب“ وژن کے تحت جامع ہیلتھ ریفارمز کا آغاز کر دیا ہے،فیلڈ ہسپتال اور کلینک آن ویل کے ذریعے لاکھوں مریضوں کو محض چند ماہ میں گھر کی دہلیز پر علاج کی سہولت فراہم کی جارہی ہے،پنجاب بھر میں پہلی مرتبہ 1250مراکز صحت کو جدید ترین اور خوش وضع کلینک میں تبدیل کیا جارہا ہے۔
بڑے ہسپتالوں میں علاج معالجہ، طبی ٹیسٹ اور ادویات کی فراہمی کے لئے بھر پور اور موثر اقدامات کیے جارہے ہیں۔پہلی مرتبہ عوام کو ان کی گھر کی دہلیز پر ادویات کی فراہمی یقینی بنارہے ہیں، مریم نواز ہیلتھ کلینک میں عوام کو بنیادی مراکز صحت کی نسبت بہتر سہولتیں میسر ہیں،پنجاب میں پاکستان کا پہلا سرکاری کینسر ہسپتال اور سرگودھا میں کارڈیالوجی انسٹیٹیوٹ جلد فنکشنل ہوجائیں گے۔
چیف منسٹر چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام اور ٹرانسپلانٹ کارڈ متعارف کرائے ہیں، پسماندہ علاقوں سے ایمرجنسی کی صورت میں مریض کو بڑے شہر لیجانے کیلئے ایئر ایمبولینس سروس شروع کی ہے،عالمی یوم صحت ہیلتھ ایشوز پر رائے عامہ اور فیصلہ سازوں کی توجہ مبذول کراتا ہے،2025ء کا عالمی یوم صحت کا تھیم زچہ اور بچہ کی صحت اور سلامتی سے متعلق ”صحت مند آغاز،پُرامید مستقبل“ ہے۔
علاج کی سہولتوں کے ساتھ صحت مند طرز زندگی کے شعور کو فروغ دینے کی بھی ضرورت ہے، صحت مند آبادی ہی ایک خوشحال،پرامن اور پرسکون معاشرے کی بنیاد ہے۔
مریم نوازشریف کا مزید کہنا تھا کہ عالمی یوم صحت اچھی صحت کو برقرار رکھنے پر توجہ مرکوز کرنے کی یاددہانی کراتا ہے، روزمرہ زندگی میں مثبت تبدیلیوں سے صحت اور معیار زندگی کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔