(ملک اشرف) کورونا وائرس خدشات کے باوجود پی آئی اے پروازوں کوبیرون ملک جانے کی اجازت دینے کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق نبیل جاوید کاہلوں ایڈووکیٹ نے لاہور ہائیکورٹ میں پی آئی اے پروازوں کو بیرون ملک جانے کی اجازت دینے کیخلاف درخواست دائر کردی، درخواست میں وفاقی حکومت، نیشنل ڈیزاسٹر اتھارٹی، سول ایوی ایشن اتھارٹی سمیت دیگر کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پی آئی اے کے پائلٹس اور دیگرعملہ کو کورونا سے بچاؤ کیلئے حفاظتی کٹس فراہم نہیں کی گئیں، ایک کپتان نے حفاظتی کٹس کی عدم دستیابی اور جہازوں میں جراثیم کش سپرے نہ کرنے کی بھی شکایت کی، چندروزقبل ٹورنٹو سے آنیوالی پرواز کے کپتان اورفسٹ آفیسر بھی کورونا میں مبتلا ہو چکے ہیں جبکہ پرواز کے چوبیس مسافروں کو کورونا کے ٹیسٹ کیلئے قرنطینہ منتقل کیا گیا۔
درخواست میں مزید موقف اختیار کیا گیا کہ پی آئی اے کو بیرون ملک جانے کی اجازت دے کر بین الاقوامی قوانین کو نظر انداز کیا جارہا ہے، دنیا بھر میں ائیر لائنز کے آپریشن معطل ہیں، پاکستان ائیرلائن پائلٹ ایسو سی ایشن نے بھی جہاز نہ اُڑانے کا اعلان کیا۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت این ڈی ایم اے کی جانب سے پی آئی اے پروازوں کو بیرون ملک جانے کی اجازت کے اقدام کالعدم قرار دے اور بین الاقوامی قوانین پر سختی سے عملدرآمد کا بھی حکم دے۔
واضح رہےکہ دنیا بھر میں تباہی مچانے والا کورونا وائرس پاکستان میں تیزی سے پھیل رہا ہے، اب تک کورونا وائرس 52 افراد کی جانیں لے چکا ہے، ملک میں 594 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے سندھ میں 51، پنجاب میں538، اسلام آباد میں 4، گلگت بلتستان میں ایک نیا کیس سامنے آیا ہے، جس کے بعد ملک میں مجموعی کیسز کی تعداد بڑھ کر3755 ہو گئی ہے.