سٹی 42:بالی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان کی شخصیت سے جڑی کئی چیزیں مداحوں کی توجہ حاصل کرتی ہیں، تاہم ان کے ہاتھ میں نظر آنے والا فیروزی پتھروں سے سجا بریسلٹ ان کی خاص پہچان بن چکا ہے۔ فلمی تقریبات سے لے کر ٹی وی شوز اور نجی محفلوں تک سلمان خان اکثر یہ بریسلٹ پہنے دکھائی دیتے ہیں۔
سلمان خان کے مطابق اس بریسلٹ کے پیچھے ان کے والد سلیم خان سے جڑی ایک جذباتی یاد موجود ہے۔ ایک پرانے انٹرویو میں اداکار نے بتایا تھا کہ ان کے والد بھی اسی نوعیت کا بریسلٹ پہنا کرتے تھے اور بچپن میں وہ والد کے بریسلٹ سے کھیلا کرتے تھے، جس کی وجہ سے یہ چیز ان کے دل کے قریب ہوگئی۔
فلمی کیریئر شروع کرنے کے بعد سلیم خان نے سلمان کو بھی اسی طرز کا بریسلٹ تحفے میں دیا، جو وقت گزرنے کے ساتھ اداکار کے لباس اور اسٹائل کا مستقل حصہ بن گیا۔
فیروزی پتھر سے متعلق سلمان خان نے ایک انٹرویو میں اپنے ذاتی عقیدے کا ذکر کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اسے ایسا خاص پتھر سمجھتے ہیں جو منفی اثرات کو اپنے اندر جذب کر لیتا ہے۔ ان کے مطابق جب منفی اثرات کا دباؤ بڑھ جاتا ہے تو پتھر چٹخ بھی سکتا ہے۔
اداکار نے بتایا تھا کہ ان کے بریسلٹ میں موجود کئی فیروزی پتھر مبینہ طور پر اسی وجہ سے ٹوٹ چکے ہیں اور اس وقت وہ اپنا ساتواں پتھر استعمال کر رہے ہیں۔ سلمان خان نے عقیق اور فیروزی کو ان پتھروں میں شمار کیا تھا جنہیں وہ خاص اہمیت کا حامل سمجھتے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 2023ء میں سلمان خان کے چاندی کے اس بریسلٹ کی قیمت تقریباً 80 ہزار بھارتی روپے بتائی گئی تھی، جبکہ پتھر کے معیار اور بریسلٹ کی کاریگری کے لحاظ سے اس کی قیمت ایک لاکھ بھارتی روپے تک پہنچنے کا بھی ذکر کیا گیا۔
تاہم سلمان خان کے لیے اس بریسلٹ کی اصل اہمیت اس کی قیمت نہیں بلکہ اس سے وابستہ والد کی یاد اور جذبات ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ برسوں سے ان کے ہاتھ میں موجود یہ بریسلٹ ان کے اسٹائل کے ساتھ ساتھ ان کے والد کی محبت اور بچپن کی یاد کی علامت بھی بن چکا ہے۔