ویب ڈیسک: نیوزی لینڈ کے سابق کپتان اور مایہ ناز بلے باز راس ٹیلر کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد ایک بار پھر میدان میں اترنے جا رہے ہیں۔
وہ آئندہ ماہ عمان میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے ریجنل کوالیفائرز میں ساموا کی جانب سے کھیلیں گے۔

ٹیلر نے کہا کہ اپنی والدہ کے آبائی ملک اور اپنی ثقافت کی نمائندگی کرنا ان کے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ پولینیشین کمیونٹی کو کچھ واپس دینا چاہتے تھے، لیکن کبھی نہیں سوچا تھا کہ یہ موقع بطور کھلاڑی ملے گا۔
41 سالہ راس ٹیلر 94 ٹی ٹوئنٹی اننگز میں نیوزی لینڈ کے لیے 1909 رنز بنا چکے ہیں اور اب بھی ملک کے پانچویں کامیاب ترین بلے باز ہیں۔
وہ آخری بار 2020 میں نیوزی لینڈ کے لیے ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے تھے، جبکہ 2023 میں بھارت میں لیجنڈز لیگ کرکٹ میں بھی شریک ہوئے۔
ساموا کی 15 رکنی ٹیم کی قیادت کیلب جاسمات کر رہے ہیں۔ اسکواڈ میں 32 سالہ شان سولیا کو بھی شامل کیا گیا ہے، جو نیوزی لینڈ میں فرسٹ کلاس کرکٹ کھیل چکے ہیں۔