(سٹی42) پنجاب یونیورسٹی نے یومِ دفاع کے موقع پر رواں سال داخلوں میں شہداء کے بچوں کے لئے خصوصی کوٹے کا اعلان کر دیا، پاک فوج اور پولیس کے شہداء کے بچوں کو مفت تعلیم دی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر نیاز احمداختر نے یوم دفاع کے موقع پر شہداء کے بچوں کے لئے ہر شعبے میں2،2سیٹیں مختص کر دیں، بی ایس اور ماسٹرز کی سطح پر شہداء کے بچوں کو رواں سال سے خصوصی کوٹے پر داخلے دیئے جائیں گے، شہداء کے بچوں کو5 ہزار روپے ماہانہ سکالر شپ ملے گی۔
وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر نیاز احمد اختر کا کہنا ہے کہ شہداء کے بچوں کو ہاسٹل میں مفت رہائش کی سہولت بھی دی جائے گی، کوٹے کے علاوہ میرٹ پر داخلہ لینے والے شہداء کے بچوں کو بھی مفت تعلیم اور سکالرشپس دیں گے، شہداء کا ہم پر حق ہے، کچھ بھی کرکے ان کا حق ادا نہیں کر سکتے، شہداء کے خاندان کی ہر ممکن مدد ہر پاکستانی پر فرض ہے۔
وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر نیاز احمد اختر کا مزید کہنا تھا کہ شہداء کی بدولت آج ہم آزاد فضاؤں میں سانس لے رہے ہیں۔
واضح رہےکہ لاہور سمیت ملک بھر میں آج یوم دفاع ملی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے، 6 ستمبر ملکی تاریخ کا اہم ترین دن ہے، جو ستمبر 1965 کی جنگ کے ان دنوں کی یاد دلاتا ہے جب پاک افواج کے بہادر سپوتوں نے اپنے دشمن کو ناکوں چنے چبوائے تھے، جس دن پاکستان کے شہیدوں،جری جوانوں نے اپنی کارکردگی سے تاریخ کے سنہرے صفحات پر اپنا نام رقم کیا، آج یوم دفاع کے موقع پر مساجد میں نماز فجر کے بعد ملکی ترقی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔