ویب ڈیسک : فرانسیسی آٹو کمپنی رینالٹ کی کم لاگت والی گاڑی ڈیشیا نے پیر کو ایک نئی الیکٹرک مِنی کار “ہیپ اسٹَر کانسیپٹ (Hipster Concept) کا پروٹوٹائپ پیش کیا ہے، اس گاڑی کی متوقع قیمت 15 ہزار یورو (تقریباً 17 ہزار 625 امریکی ڈالر) سے کم ہو سکتی ہے۔
یہ گاڑی صرف 3 میٹر (9.84 فٹ) لمبی ہے جس کا وزن 800 کلوگرام (1763.7 پاؤنڈ) سے بھی کم ہے، جو اسے یورپی مارکیٹ میں دستیاب سب سے چھوٹی گاڑیوں میں شامل کرتا ہے۔
آٹو موبائل کمپنی کی سی ای او کترین ایڈٹ نے اسے ڈیشیا کے مقامی، سستے اور روزمرہ ٹرانسپورٹ کے تصور کی جھلک“ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اگر یورپی یونین ایک نئی چھوٹی کار کی کیٹیگری متعارف کرواتی ہے تو ہم اس گاڑی کی بڑے پیمانے پر پیداوار کے لیے تیار ہیں۔
کمپنی کے مطابق ہیپ اسٹَر ایک تین دروازوں والی چھوٹے باڈی والی گاڑی ہے جس کی زیادہ سے زیادہ رفتار 90 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے اور اس کی رینج 150 کلومیٹر تک ہے۔
واضح رہے کہ اس وقت مارکیٹ میں سب سے چھوٹی گاڑی چینی کمپنی لیپ موٹر کی T03 سٹی کار ہے، جو ہیپ اسٹَر سے 62 سینٹی میٹر لمبی ہے۔