ملک اشرف : سرکاری ہسپتالوں کو 88 لاکھ کی ادویات کی فراہمی، ادائیگی نہ ہوسکی۔ ہائیکورٹ کا سیکرٹری صحت نادیہ ثاقب کو توہینِ عدالت کی درخواست پر نوٹس جاری، جواب طلب کرلیا۔
جسٹس سلطان تنویر احمد نے شہری شاہد مقبول کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی۔درخواست گزار کے مطابق انہوں نے صحت سہولت پروگرام کے تحت صوبائی محکمہ صحت کو 88 لاکھ روپے مالیت کی ادویات فراہم کی تھیں جو سرکاری ہسپتالوں میں استعمال کے لیے مخصوص تھیں، لیکن مقررہ وقت کے اندر واجبات ادا نہیں کیے گئے۔ واجبات کی ادائیگی کے لیے انہوں نے متعدد خطوط اور درخواستیں محکمہ صحت کے افسران اور سیکرٹری صحت کو ارسال کیں، مگر کسی سے کوئی مدد یا جواب موصول نہیں ہوا۔ داد رسی نہ ہونے پر واجبات کی وصولی کے لیے عدالت سے رجوع کیا۔
عدالت نے پہلے بھی سیکرٹری صحت کو ہدایت کی تھی کہ زیر التواء درخواست پر فیصلہ کر کے واجبات ادا کیے جائیں، تاہم عدالتی حکم کی ابھی تک تعمیل نہیں کی گئی۔ عدالت سے استدعا کی کہ عدالت حکم عدولی پر سیکرٹری صحت کے خلاف توہینِ عدالت کی کارروائی عمل میں لائے ۔عدالت نے سیکرٹری صحت نادیہ ثاقب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر جواب طلب کر لیا ۔