رائو دلشاد: لاہور شہر میں واقع تاریخی شاہراہ مال روڈ پر بہترین ٹورسٹ پوائنٹس بنانے کا منصوبہ تیار کر لیا گیا، جبکہ اس کا بیڑا ن لیگ کے سربراہ نواز شریف نے اٹھایا ہے۔
ذرائع کے مطابق ضلعی انتظامیہ کے افسران نے سربراہ ن لیگ کو مال روڈ کی بحالی اور ترقی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
منصوبے کے تحت مال روڈ پر کیفے سٹریٹ، واک ویز اور عالمی معیار کے ریسٹورنٹس قائم کیے جائیں گے، جبکہ تاریخی تشخص کو برقرار رکھتے ہوئے مختلف ٹورسٹ پوائنٹس بھی بنائے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق خصوصی طور پر مال روڈ کی ڈنگا سنگھ بلڈنگ کی 100 فیصد بحالی یقینی بنائی جائے گی۔
اس کے علاوہ گنگا رام مینشن سمیت شہر کی 136 تاریخی عمارتوں کی تزئین و آرائش بھی کی جائے گی۔
منصوبے کا حصہ بناتے ہوئے لاہور عجائب گھر سے ملحقہ شاہراہ کو ٹورسٹ سٹریٹ میں تبدیل کیا جائے گا، جبکہ لاہور ہائیکورٹ کے بالمقابل اسٹیٹ آف دی آرٹ کیفے سٹریٹ قائم کی جائے گی تاکہ شہریوں اور سیاحوں کے لیے جدید اور تاریخی ماحول کے امتزاج کی سہولت میسر ہو۔
واضح رہے کہ اس سے پہلے بھی شہر کی تاریخی شاہراہ مال روڈ میٹرو پولیٹن کارپوریشن نے تاریخی مال روڈ کی بحالی اور تزئین و آرائش کا ورک آرڈر جاری کیا تھا۔
مال روڈ لاہور کی تاریخی و ثقافتی اہمیت یہاں واقع کئی عمارات ہیں جو مغل طرز تعمیر کا نمونہ ہیں، یہاں برطانوی سامراجی دور میں تعمیر شدہ عمارات بھی ہیں جو برطانوی دور میں تعمیر کی گئی تھیں اور اب بھی استعمال میں ہیں، دو مختلف ادوار کی یادگاروں سے مزین یہ شاہراہ بلاشبہ تاریخ کی گواہ ہے، مال روڈ پر عجائب گھر، لاہور چڑیا گھر، پنجاب صوبائی اسمبلی، قربان لائنز (پولیس)، ایچیسن کالج واقع ہے۔