ویب ڈیسک: پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے آخری روز شدید مندی دیکھی گئی جس کے نتیجے میں انڈیکس ایک بار پھر کئی اہم حدیں کھو بیٹھا۔
کاروبار کے آغاز سے ہی سٹاک مارکیٹ میں منفی رجحان غالب رہا اور 3 ہزار سے زائد پوائنٹس کی کمی کے بعد کے ایس ای-100 انڈیکس گھٹ کر تقریباً 1 لاکھ 58 ہزار 154 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری روز کے اختتام پر ہنڈرڈ انڈیکس 1 لاکھ 61 ہزار 210 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔
دوسری جانب مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال کے باعث عالمی مالیاتی منڈیوں میں بھی دباؤ دیکھا جا رہا ہے۔
امریکی اسٹاک مارکیٹ ڈوجونز مارکیٹ میں تقریباً 1.6 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ یورپی اور ایشیائی مارکیٹوں میں بھی منفی رجحان غالب رہا۔
ایشیا میں انڈیکس تقریباً 3 فیصد گر گیا، جبکہ جنوبی کوریا کی اسٹاک مارکیٹ میں ایک وقت میں 12 فیصد تک کمی دیکھی گئی۔
ماہرین کے مطابق عالمی سطح پر غیر یقینی صورتحال کے باعث سرمایہ کار محتاط رویہ اختیار کر رہے ہیں جس کے اثرات مختلف اسٹاک مارکیٹس پر نمایاں ہو رہے ہیں۔