ویب ڈیسک: برطانوی حکومت نےکشتیوں پر برطانیہ آنے والے تارکین وطن کو روکنےکے لیے قانون سازی کرنےکا فیصلہ کیا ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق برطانوی وزیراعظم تارکین وطن سےمتعلق بل جلد پارلیمنٹ میں پیش کریں گے، بل کے تحت برطانیہ آنےوالے تارکین وطن کو افریقی ملک روانڈا یا کسی دوسرے ملک بھیج دیا جائےگا۔
برطانوی میڈیا کا کہنا ہےکہ مذکورہ بل حکومت کی تارکین وطن سے نمٹنےکی مہم کا حصہ ہے، امیگریشن قانون حکومت کی اہم ترجیحات میں سے ہے، حکومت چاہتی ہے کہ چھوٹی کشتیوں پر برطانیہ آنے والے تارکین وطن کو سیاسی پناہ حاصل کرنے سے روکا جائے۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہےکہ بل کے تحت کشتیوں پر برطانیہ آنے والے تارکین وطن پر ہمیشہ کے لیے برطانیہ میں داخلے پر پابندی عائد کردی جائے گی اور وہ برطانوی شہریت کے لیے درخواست بھی نہیں دے سکیں گے۔
برطانوی وزیراعظم رشی سونک کا کہنا ہےکہ اگر آپ برطانیہ میں غیر قانونی طور پر داخل ہوں گے تو آپ یہاں نہیں رہ سکتے۔