(حافظ شہباز)کورونا وائرس کے حالات بہتر ہونے کے بعد پنجاب میں کھیلوں کی سرگرمیاں بحال کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا،30 نان کنٹکیٹ کھیلوں کی سرگرمیاں بحال ہوں گی، 12 کنٹیکٹ سپورٹس پر پابندی برقرار رہے گی۔
تفصیلات کے مطابق سپورٹس بورڈ پنجاب کے نوٹی فکیشن کے مطابق کراٹے ،تائیکوانڈو، جوجسٹو ،کک باکسنگ اور رسہ کشی ،میرجوڈو ،رگبی ، ریسلنگ ،کبڈی ، موئے تھائی اور ووشو پر پابندی برقرار رہے گی، جمناسٹک ،کرکٹ ،باسکٹ بال ،والی بال ، ویٹ لفٹنگ ،ہینڈ بال، اتھلیٹکس، ماونٹین بائیک ، بیس بال، رولر سکیٹنگ ،فٹسال ، ٹیبل ٹینس ، روڈ سائیکلنگ ،ٹریک سائیکلنگ ،فنسنگ ، ٹرائی تھلون ، گالف ، واٹر پولو، ہاکی ، آرچری ،روئنگ ،بیڈ منٹن، شوٹنگ ،ماڈرن پینتھالون ، سکائی جمپنگ ، کراس کنٹری ، سنوکر اینڈ بلیئرڈ ،فٹ بال اور سوئمنگ کی ایس او پیزکے تحت اجازت ہوگی۔
مزید پڑھئے: کورونا کے بعد شہریوں پر ایک اور وائرس کا حملہ؛سنگین خدشات
واضح رہے کہ کورونا کے وار بدستور جاری مگر شدت میں کمی آگئی، شہر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 165نئے کیسز رپورٹ ہوئے،موذی وائر مزید 24 زندگیاں نگل گیا،ادھرشہر کے سرکاری ہسپتالوں میں کورونا کے تشویشناک حالت والے مریضوں کی تعداد میں کمی واقع ہوئی، وینٹی لیٹرز کا آکوپنسی ریٹ 90 فیصد سے 37 فیصد پر آگیا ۔
شہر میں کورونا وائرس سے 364 مریض زیر علاج ہیں، 192 مریض کنفرم اور 172 مشتبہ مریض ہیں، شہر کے سرکاری اور پرائیوٹ ہسپتالوں کے آئی سی یو میں 32 فیصدبیڈز پر مریض زیر علاج ہیں ،ہسپتالوں کے ہائی ڈیپنڈینسی یونٹس میں 16 فیصد بستر وں پر مریض موجود ہیں، شہر میں مزید 24 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔
لاہور میں کورونا کی شرح 1.6 فیصد رہی ،ادھرشہر کے سرکاری ہسپتالوں میں کورونا کے تشویشناک حالت والے مریضوں میں کمی واقع ہوئی ہے،شہر کے 8سرکاری ہسپتالوں میں کورونا کے لئے مختص کئے گئے وینٹیلیٹرز 63 فیصد تک دستیاب ہیں،سروسز ہسپتال میں کورونا کے کے لئے مختص 32 وینٹی لیٹرز پر 18 مریض موجود ہیں، میو ہسپتال کے 86 وینٹی لیٹرز پر 38 ، جناح ہسپتال کے 50 وینٹی لیٹرز پر 15 ، جنرل ہسپتال میں 40 وینٹی لیٹرز پر 10 ، کوٹ خواجہ سعید کے تین وینٹی لیٹرز پر 1 ،گورنمنٹ نواز شریف ہسپتال یکی گیٹ کو دیئے گئے10 وینٹی لیٹرز پر 1 مریض ہے۔
پی کے ایل آئی کے لئے مختص کئے گئے 8 وینٹی لیٹرز پر 1 مریض،گنگارام ہسپتال کے 20 وینٹی لیٹرز پر کورونا سے متاثرہ 9 خواتین مریض زعلاج ہیں۔