(سٹی42)کورونا کے بعد ایک اور وائرس سر اٹھا نے لگا،شہر میں رواں سیزن کے دوران ڈینگی بخار کے پہلے کیس نے خطرے کی گھنٹی بجادی۔
تفصیلات کے مطابق گلبرگ تھری کے رہائشی73 سالہ شہری میں ڈینگی وائرس کی تصدیق نے انسداد ڈینگی کے لئےمتحرک ضلعی افسران کی کارکردگی کا پول کھول کررکھ دیاہے،ذرائع کے مطابق ڈینگی سکواڈ اور ڈینگی کی روک تھام پر مامور عملہ بدستور کورونا ڈیوٹی پر مامور ہے، گزشتہ کئی ماہ سے ڈینگی سرویلنس نہ ہونے سے ڈینگی وائرس کا خطرہ بڑھ گیا ہے،گلبرگ تھری کے رہائشی میں ڈینگی وائرس کی تشخیص نے آنیوالے دنوں میں کورونا کے ساتھ ساتھ ڈینگی کے حوالے سے بھی سنگین خدشات پیدا کردیئے ہیں۔
مزید پڑھئے: کورونا پھر نہ ٹلا،متعدد مریض جان سے گئے ، مزیدنئے کیسز رپورٹ
واضح رہے کہ لاہور میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دورران میں کورونا وائرس میں مبتلا 17 مریض جان کی بازی ہار گئے ہیں جبکہ 173 نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے شہر کے مختلف ہسپتالوں میں کورونا کے مجموعی طور پر 397 مریض داخل ہیں، جن میں سے 104 مریضوں کی حالت تشویشناک ہونے کی وجہ سے انہیں ،وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا ہے۔
ملکی مجموعی صورتحال کی بات کی جائے تو ملک بھر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے 83 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی تعداد 21 ہزار 105 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 9 لاکھ 28 ہزار 588 ہوگئی۔
این سی او سی کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 893 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 3 لاکھ 41 ہزار 390، سندھ میں 3 لاکھ 21 ہزار 425، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 33 ہزار 746، بلوچستان میں 25 ہزار 476، گلگت بلتستان میں 5 ہزار 623، اسلام آباد میں 81 ہزار 540 جبکہ آزاد کشمیر میں 19 ہزار 388 کیسز رپورٹ ہوئے۔