رائو دلشاد:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کرنٹ لگنے سے نوجوان کے جاں بحق ہونے کے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو حکومت کی اولین ترجیح قرار دیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے مختلف واقعات میں بچوں کے زخمی ہونے پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ پتنگ بازی اور دھاتی ڈور جیسے خطرناک رجحانات قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کا سبب بن رہے ہیں۔ انہوں نے صوبے بھر میں موٹر سائیکلوں پر سیفٹی راڈ کی تنصیب پر سختی سے عمل درآمد کرانے اور شہر بھر میں دھاتی ڈور کے انسداد کے لیے مؤثر کریک ڈاؤن کی ہدایات جاری کیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ حفاظتی اقدامات پر کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔
واضح رہے کہ یہ افسوسناک واقعہ سکھ نہر کے قریب پیش آیا، جہاں 25 سالہ علی رشید کٹی پتنگ اتارنے کے لیے بجلی کے کھمبے پر چڑھا۔ اس دوران کرنٹ لگنے سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ ضروری قانونی کارروائی کے بعد متوفی کی لاش ورثا کے حوالے کر دی گئی تھی۔