ویب ڈیسک: بالی وڈ سپر اسٹار سلمان خان کی فلاحی خدمات ایک بار پھر سامنے آ گئی ہیں، جب دو مرتبہ دل کی پیوندکاری سے گزرنے والی خاتون نے ان کے بارے میں اہم انکشاف کیا۔
رپورٹس کے مطابق ریاست کرناٹک سے تعلق رکھنے والی رینا راجو نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ بینگ ہیومن فاؤنڈیشن کے ذریعے اداکار نے ان کی مشکل وقت میں بھرپور مدد کی۔
رینا راجو نے کہا کہ وہ سلمان خان سے دل و جان سے محبت کرتی ہیں اور مشکل وقت میں ان کی حمایت کو کبھی نہیں بھلا سکتیں۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے ہارٹ ٹرانسپلانٹ سے قبل جب انہوں نے اداکار کو فون کیا تو وہ فوری طور پر رابطے میں آئے، حالانکہ وہ اس وقت آسٹریلیا میں شوٹنگ میں مصروف تھے۔
خاتون کے مطابق سلمان خان نے ان کے ٹرانسپلانٹ کی رات تقریباً دو گھنٹے تک فون پر بات کی اور انہیں حوصلہ دیا، جبکہ ان کے اہل خانہ کی بھی مکمل مدد کی۔
رینا راجو نے مزید بتایا کہ دوسری پیوندکاری کے دوران انہیں اداکار سے ان کے گھر پر ملاقات کا موقع بھی ملا، جہاں طویل گفتگو ہوئی جو ان کے لیے ایک یادگار لمحہ ہے۔
یہ واقعہ سلمان خان کی فلاحی اور انسانی ہمدردی کی ایک اور مثال کے طور پر سامنے آیا ہے، جو وہ 2007 سے اپنی فاؤنڈیشن کے ذریعے انجام دے رہے ہیں۔