سٹی 42 : وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملائیشیاء آ کر بے حد خوشی ہو رہی ہے، اس دورے سے پاکستان -ملائیشیاء دو طرفہ تعلقات کو مزید تقویت ملے گی ۔
وزیراعظم شہباز شریف ملائیشیاء کے سرکاری دورے پر کوالالمپور پہنچ گئے۔ کوالالمپور کے بنگا رایا بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ملائیشیاء کے وزیر اطلاعات /کمیونیکیشنز عزت مآب فہمی فادضل ، ملائشیاء میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر سید احسن رضا شاہ اور سفارتی عملے نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔
وزیراعظم کو شاہی پروٹوکول میں ان کی رہائش پر لایا گیا، جہاں ملائیشیاء کے وزیراعظم انور ابراہیم نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کا گرمجوشی سے استقبال کیا اور انہیں ملائیشیاء آمد پر خوش آمدید کہا۔
شہباز شریف نے اس موقع پر کہا کہ ملائیشیاء آ کر بے حد خوشی ہو رہی ہے، پر تپاک استقبال پر ملائیشیاء کے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انہوں نے کہاکہ اس دورے سے پاکستان -ملائیشیاء دو طرفہ تعلقات کو مزید تقویت ملے گی ۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔
واضح رہے کہ وزیراعظم پاکستان ، ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم کی دعوت پر ملائیشیاء کا دورہ کر رہے ہیں ۔ دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط بھی ہوں گے۔اس کے علاوہ دونوں رہنما تجارت، آئی ٹی اور ٹیلی کام، حلال انڈسٹری، سرمایہ کاری، تعلیم، توانائی، انفراسٹرکچر اور ڈیجیٹل معیشت میں دوطرفہ تعاون کو بڑھانے پر بھی غور کریں گے۔ عوام سے عوام کے روابط بڑھانے کے لئے نئے تعاون کے مواقع تلاش کرنے پر گفتگو ہوگی۔
وزیراعظم کا یہ دورہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔