سٹی42: ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے تاہم گلگت بلتستان اور کشمیر میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کی توقع ہے۔
لاہور میں فضائی آلودگی کی صورتحال میں واضح بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔ شہر کا ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 155 ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں لاہور آٹھویں نمبر پر آ گیا ہے۔ سی ای آر پی آفس میں آلودگی کی شرح 190، پاور زون ہیڈ آفس میں 179، رائے ونڈ روڈ پر 177، گلبرگ میں 174، اڈا پلاٹ پر 172 جبکہ سید مراتب علی روڈ پر 165 ریکارڈ کی گئی۔ہوائیں چلنے سے آلودگی میں کمی آئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں 8 کلومیٹر فی گھنٹہ کی ر فتار سے ہوائیں چل رہی ہیں اور ہوا میں نمی کا تناسب 80 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔ طبی ماہرین نے شہریوں کو ماسک کے استعمال اور احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت دی ہے۔ شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
شہرِ قائد کراچی میں دن کے وقت سورج کی تپش برقرار ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے جبکہ موجودہ درجہ حرارت 21 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ شمالی سمت سے 11 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں اور ہوا میں نمی کا تناسب 27 فیصد ہے۔ ائیر کوالٹی انڈیکس کے مطابق کراچی کی فضا مضرِ صحت قرار دی گئی ہے۔ شہر دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں چھٹے اور پاکستان میں پہلے نمبر پر ہے۔ ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 167 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی۔ ماہرین نے شہریوں کو غیر ضروری سرگرمیوں سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
اسلام آباد میں بارش کے بعد موسم سرد اور خشک ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کم سے کم درجہ حرارت 13 جبکہ زیادہ سے زیادہ 22 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔ بارش کے باعث درجہ حرارت میں 4 ڈگری سینٹی گریڈ تک کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 54 فیصد جبکہ 11 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ٹھنڈی ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب بالائی علاقوں میں برفباری اور سردی میں اضافہ ہوگیا ہے۔ گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کے سیاحتی علاقوں میں برفباری کے باعث سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ بابوسر، نانگا پربت اور بٹوگاہ کی چوٹیوں پر برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جس کے باعث 12 سے زائد گاڑیاں برف میں پھنس گئیں۔
سوات، دیر اور کالام کے پہاڑوں پر بھی برفباری ہوئی جبکہ ایوبیہ، نتھیا گلی اور چھانگلہ گلی میں 2 سے 3 انچ تک برف پڑ چکی ہے۔ مظفرآباد اور وادی نیلم میں بارش و برفباری سے موسم مزید سرد ہو گیا۔ انتظامیہ نے شہریوں کو خراب موسم میں غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت دی ہے۔پی ڈی ایم اے کے مطابق خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں آج بھی وقفے وقفے سے بارش اور برفباری کا امکان ہے جبکہ تمام ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔