نشتر پارک (حافظ شہباز) پاکستان ہاکی کو ایک اور بڑا دھچکا، کرکٹ کے بعد پی آئی اے ہاکی ٹیم بھی ختم کردی گئی۔
15 مرتبہ کی قومی چیمپئن پی آئی اے ہاکی ٹیم قومی ہاکی چیمپئن شپ میں حصہ نہیں لے رہی، پی آئی اے حکام نے اپنے فیصلے سے ہاکی فیڈریشن کو آگاہ کردیاہے۔ذرائع کے مطابق محکمے نے مستقل ملازم ہاکی کھلاڑیوں کو دفاتر میں بٹھا دیا ہے جبکہ کنٹریکٹ پر کھیلنے والے کھلاڑیوں کے نئے کنٹریکٹ بھی نہیں کئے گئے ماضی کے کئی سپر سٹارز پی آئی اے کی نمائندگی کر چکے ہیں, پی ایچ ایف نے پی آئی اے کی جگہ ائیر فورس کو قومی ہاکی چیمپئن شپ میں شامل کرلیا, ائیر فورس نے قومی ٹرے ہاکی چیمپئن شپ میں تیسری پوزیشن حاصل کی تھی۔
پاکستان کے سابق ہاکی اولمپئین عبدالرشید جونیئر 73 سال کی عمر میں اسلام آباد میں وفات پا گئے ہیں، انھوں نے اپنے کیرئیر کا آغاز جنوری 1968 میں لاہور فیسٹیول میں سری لنکا کے خلاف میچ میں رائٹ ان کی حیثیت سے کیا تھا، رشید جونیئر نے 89 بین الاقوامی میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی اور 96 گول کیے، رشید جونیئر 1971 میں پہلا ورلڈ کپ جیتنے والی پاکستانی ٹیم میں بھی شامل تھے،وہ سنہ 1976 میں مانٹریال اولمپکس میں کانسی کا تمغہ جیتنے والی ٹیم کے کپتان تھے۔ رشید جونیئر دنیا کے ان تین کھلاڑیوں میں شامل ہیں جنھوں نے اولمپکس میں طلائی، چاندی اور کانسی کے تمغے جیتے ہیں۔ حکومت پاکستان نے انھیں پرائیڈ آف پرفارمنس کے ایوارڈ سے نوازا تھا۔