علی رامے: پنجاب حکومت نے صوبے میں الیکٹرک ٹرانسپورٹ کے فروغ کے لیے ایک جامع منصوبہ تیار کر لیا ہے، جس کے لیے عالمی بینک کے تعاون سے الیکٹرک گاڑیوں پر سبسڈی کی ورکنگ رپورٹ بھی تیار کی گئی ہے۔
محکمہ ٹرانسپورٹ نے الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ کے حوالے سے اپنی ورکنگ مکمل کر کے پانچ سالہ سبسڈی پلان عالمی بینک کو ارسال کر دیا ہے۔
اس منصوبے میں لمز یونیورسٹی کی جانب سے کی گئی سٹڈی کو بھی شامل کیا گیا ہے، جس میں الیکٹرک گاڑیوں کی خریداری پر دی جانے والی سبسڈی کی تفصیلات شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق، الیکٹرک گاڑیوں کی خریداری پر حکومت 35 ارب 55 کروڑ روپے کی سبسڈی فراہم کرے گی، جبکہ پرانی گاڑیوں کے سکریپج پروگرام کے لیے 18 ارب روپے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔
حکام کے مطابق حکومت الیکٹرک گاڑیوں، رکشوں اور بسوں کی خریداری پر سبسڈی دے گی، اور ابتدائی پلان عالمی بینک کے ساتھ بھی شئیر کر دیا گیا ہے۔ اس اقدام سے صوبے میں ماحولیاتی تحفظ کے ساتھ ساتھ پائیدار ٹرانسپورٹ نیٹ ورک کے قیام میں بھی مدد ملے گی۔