راؤ دلشاد : وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور میں ٹریفک کی روانی میں بہتری کے لئے 31 مقامات پر عارضی تجاوزات فوری طور پر ہٹانے کا فیصلہ کرلیا۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا، جس میں لاہور میں ٹریفک کے مسائل حل کرنے کے لئے تجاویز اور سفارشات کا جائزہ لیا گیا، سی ٹی او عمارہ اظہرنے ٹریفک مینجمنٹ پروگرام پر بریفنگ دی۔ اجلاس میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کی نشاندہی کے لئے آرٹیفیشل انٹیلی جنس ٹیکنالوجی استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، پہلے مرحلے میں موٹر سائیکل کا ہیلمٹ اورگاڑی میں سیٹ بیلٹ نہ پہننے پرآرٹیفیشل انٹیلی جنس مانیٹرنگ کے ذریعے ای چالان ہو گا، دوسرے مرحلے میں ٹریفک قوانین کی 24خلاف ورزیوں پر آرٹیفیشل انٹیلی جنس مانیٹرنگ کے ذریعے چالان شروع ہو گا۔
اجلاس میں ٹریفک کی روانی میں بہتری کے لئے31 مقامات پر عارضی تجاوزات فوری طور پر ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز کا کہنا ہے کہ کسی غریب کی ریڑھی نہ اٹھائی جائے،ریڑھیاں کھڑی کرنے کے لئے لائن لگا دی جائے۔
لاہور میں 82مقامات پر روڈز انجینئرنگ اور ڈیزائننگ کی اجازت دے دی گئی، ساتھ ہی لاہور میں 28مقامات پر سڑکوں کی تعمیرومرمت کی منظوری بھی دے دی گئی۔ 88مقامات پر ون وے کی خلاف ورزی روکنے کے لئے ٹائر کلر لگائے جائیں گے۔ وزیراعلی مریم نواز نے ٹریفک جام کی صورت میں وارننگ کے لئے سکرینیں نصب کرنے کی ہدایت کردی، کہا کہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کے لئے سختی کرنا پڑی تو کریں گے،کسی بے گناہ کی جان سے کھیلنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔لوگوں کی زندگی کو خطرے میں ڈالنے والوں سے رعایت نہیں کی جائے گی۔ مہذب معاشرے میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کو اچھا نہیں سمجھا جاتا۔
واضح رہے کہ سابق سینیٹر پرویز رشید،رکن اسمبلی مریم اورنگزیب،ثانیہ عاشق، آئی جی پولیس، سی سی پی لاہور، کمشنر لاہور، سی پی او لاہور، ڈپٹی کمشنر لاہور، چیف انجینئر ایل ڈی اے، چیف انجینئرٹیپا اور دیگر متعلقہ حکام اس موقع پر موجود تھے۔