ویب ڈیسک: دنیا کے معروف یوٹیوبر مسٹر بیسٹ (جمی ڈونلڈسن) نے اپنی مالی حالت سے متعلق ایک ایسا انکشاف کیا ہے جو ان کے مداحوں کے لیے حیرت کا باعث بن گیا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک صارف کی پوسٹ کے جواب میں مسٹر بیسٹ نے بتایا کہ ان کے پاس ذاتی طور پر بہت کم رقم موجود ہے، کیونکہ وہ اپنی تمام آمدنی دوبارہ اپنے یوٹیوب کنٹینٹ پر خرچ کر دیتے ہیں۔
انہوں نے لکھا کہ میرے پاس ذاتی طور پر بہت کم پیسہ ہے کیونکہ میں اپنی تمام کمائی دوبارہ ویڈیوز پر لگا دیتا ہوں۔ ہمیں اندازہ ہے کہ اس سال ہم تقریباً 25 کروڑ ڈالر صرف ویڈیوز کی تیاری پر خرچ کریں گے۔
انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ دلچسپ بات یہ ہے کہ میں اپنی شادی کے اخراجات کے لیے بھی اپنی والدہ سے رقم ادھار لے رہا ہوں۔
مسٹر بیسٹ کا کہنا تھا کہ اگرچہ ان کی کمپنیوں کی مجموعی مالیت کاغذات میں بہت زیادہ ہے، لیکن ان کے ذاتی بینک اکاؤنٹ کی صورتحال اس کے برعکس ہے۔
یاد رہے کہ مسٹر بیسٹ 2022 سے جنوبی افریقی کانٹینٹ کریئٹر تھییا بوئسن کے ساتھ رشتے میں ہیں، دونوں نے 2024 میں منگنی کی تھی اور جلد ان کی شادی متوقع ہے۔
