(علی رامے)وزیر اعلی پنجاب اعتماد کا ووٹ لینے سے قبل ارکان اسمبلی کو خوش کرنے لگے، اراکین اسمبلی کے حلقوں میں واٹر سپلائی پروگرام کی 13سو سے زائد سکیموں کیلئے 25 ارب روپے کے فنڈ کی منظوری دے دی۔
وزیر اعلی کے بعد اسٹینڈنگ کیبنٹ کمیٹی خزانہ نے بھی منظوری دیدی ،ان سکیموں کو فنڈ دینے کیلئے پہلے پی اینڈ ڈی بورڈ اور محکمہ خزانہ نے اعتراض عائد کیاتھا،مالی وسائل کم ہیں لہذا ان سکیموں کو آئندہ مالی سال کے بجٹ میں شامل کیا جائے جس پر وزیر اعلی نےمحکمہ خزانہ کے اعتراضات ماننے سے انکارکر دیا اورحکومتی اور اتحادی اراکین اسمبلی کو آئندہ مالی سال میں فنڈ دینے کی تجویز منسوخ کردی ۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعلی چودھری پرویز الہی نے اپنےاور پی ٹی آئی اراکین اسمبلی کے حلقوں کو 25 ارب رواں سال دینے کی منظوری دے دی ہےاور وزیر اعلی کے بعد اسٹینڈنگ کیبنٹ کمیٹی برائے خزانہ نے بھی منظوری دیدی ۔ق لیگ اور پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی کو 13سو سےزائدسکیموں کا فنڈ رواں سال ہی ملے گا۔پنجاب حکومت نے پی اینڈ ڈی کو 25 ارب روپے کے فنڈ رواں مالی سال کے بجٹ میں مختص کرنے کی ہدایات جاری کردیں ہیں۔