ویب ڈیسک : پتنگیں لاہور کے بعد کراچی کے آسمان پر بھی لہرائیں گی لیکن وہ والی پتنگ نہیں جس نے کئی دہائیوں تک روشنیوں کے شہر کا سکون غارت کئے رکھا اور شہریوں کو یرغمال بنائے رکھا۔
روشنیوں کے شہر کراچی کے مئیر نے آج یہ دلفریب اعلان کیا کہ بسنت کا میلہ کراچی میں بھی سجایا جائے گا۔ مرتضیٰ وہاب نے وطنِ عزیز میں بہار کی آمد کو خوش آمدید کہنے کے لئے لاہور کی طرح کراچی میں بھی بسنت میلہ سجانے کا اعلان کر دیا۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے الطاف حسین کی کالعدم جماعت کے انتخابی نشان پتنگ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس" پتنگ" کی بات نہیں کر رہے جو کٹ گئی ہے. انہوں نے بتایا کہ کراچی کے باغ ابن قاسم یا بے نظیر بھٹو پارک میں بسنت فیسٹیول ہوگا۔ مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ آج کل بسنت کا بول بالا ہے۔ آئندہ کچھ ہفتوں میں پتنگ بازی سے متعلق کوئی فیسٹیول کروائیں گے۔ مرتضی وہاب نے کہا سازشی عناصر سازشیں بند کریں لوگوں کو خوشی دیں اور مٹی کو خوبصورت بنائیں۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت کراچی شہر پر صفر اور کے ایم سی 46 ارب روپے خرچ کر رہی ہے۔ اس سال 80 ارب روپے شہر پر خرچ کریں گے۔ پیپلز پارٹی کی مدد سے سندھ حکومت کراچی پر 300 ارب روپے خرچ کر رہی ہے۔ مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی کیلئے وزیر اعظم شہباز شریف کو بھی کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا، اب ایم کیو ایم کے لوگ بھی کہہ رہے ہیں بلدیاتی اداروں کو مضبوط ہونا چاہیے۔ تنقید کرنے سے مسائل حل نہیں ہوتے۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پیپلز پارٹی شہر کا مستقبل ہے اور شہر کی ترقی کیلیے کردار ادا کرتی رہے گی۔ باتیں کرنے سے مسائل حل نہیں ہوتے۔ ایک سوال کے جواب میں مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پہلے کام نہیں ہو رہا تھا تو تحریک عدم اعتماد کا خیال نہیں آیا، جب سنا کہ کے ایم سی کے اکاونٹ میں اربوں روپے آگئے ہیں تو رال ٹپکنے لگی۔