ملک اشرف : پورے پنجاب میں بسنت نہ منانے کاکیس، ہائیکورٹ نے سپیشل سیکرٹری ٹو وزیرِاعلیٰ پنجاب کو طلب کر لیا ۔عدالت نے سپیشل سیکرٹری ٹو وزیر اعلیٰ کو 12 فروری کو پیش ہونے کا حکم جاری کردیا۔
درخواست گزار کے مطابق پنجاب حکومت نے بسنت تہوار منانے کے لیے باقاعدہ قانون بنایا۔ اس قانون کا اطلاق پورے صوبے پر کرنے کے بجائے صرف لاہور شہر تک محدود کر دیا گیا، جو امتیازی طرزِ عمل کے مترادف ہے۔ مؤقف اختیار کیا گیا کہ قانون ہمیشہ پورے صوبے یا ملک کے لیے بنایا جاتا ہے، نہ کہ کسی ایک مخصوص شہر کے لیے۔حکومتِ پنجاب نے خود ایکٹ منظور کیا اور اسے صرف منتخب ایریاز میں نافذ کر دیا، جس کے باعث بسنت کا تہوار صرف لاہور تک محدود ہو کر رہ گیا ۔ درخواست گزار کے مطابق صرف لاہوریوں کو بسنت منانے کی اجازت دینا صوبے کے دیگر شہریوں کے ساتھ کھلا امتیاز ہے۔ دیگر شہروں کو نظر انداز کرنا آرٹیکل 25 کی صریح خلاف ورزی ہے۔درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ بسنت تہوار پورے پنجاب میں منانے کا حکم دیا جائے ۔