سٹی42: سابق وزیر اعظم نواز شریف کو لاحق بیماریوں کی تفصیل سامنے آ گئی ،ان کا معائنہ کرنے والے میڈیکل بورڈ کے سربراہ ڈاکٹر محمود ایاز کا کہنا ہے کہ سابق وزیر اعظم کا علاج پاکستان میں ہی ہوسکتا ہے۔
سروسز ہسپتال لاہور میں نواز شریف کا علاج کرنے والے میڈیکل بورڈ کے سربراہ پروفیسر محمود ایاز نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ نواز شریف کو بلڈ پریشر، شوگر، گردوں اور خون کی شریانوں کا مسئلہ ہے، ہم نے نواز شریف کا تفصیلی طبی معائنہ کیا، اس دوران تمام شعبوں کے سربراہان میڈیکل بورڈ میں شامل تھے۔
ڈاکٹر محمود ایاز کا کہنا ہے کہ نوازشریف کے تمام ضروری ٹیسٹ کرلیے ہیں تاہم ٹیسٹ رپورٹس سے متعلق کچھ نہیں بتاسکتے۔ ہم نے ان کی دواؤں میں معمولی ردوبدل کیا ہے، میڈیکل بورڈ نے تجاویز محکمہ داخلہ پنجاب کو بھیج دی ہیں، ہم نے محکمہ داخلہ کو سفارش کی ہے کہ ان کا عارضہ قلب کے لئے اسپیشلائزڈ طبی معائنہ کیا جائے۔
سربراہ میڈیکل بورڈ کا کہنا تھا کہ نواز شریف کا علاج پاکستان میں ممکن ہے اور انہیں شفٹ کرنے کا حتمی فیصلہ محکمہ داخلہ کرے گا۔