(سٹی42)تعلیمی اداروں میں کورونا کیسز کی بڑھتی ہوئی تعدادنے حکومت کو کشمکش میں ڈالا دیا،کورونا کی دوسری لہر کے خدشات خطرہ بن گئے،پنجاب کے اہم ضلع میں سرکاری سکولوں کو بند کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کورونا کے مہلک وار تیزی کے ساتھ جاری ہیں ،لاہور میں 24 گھنٹوں کے دوران مزید 4 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 148 نئے مریض رپورٹ ہوئے، کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے 2 طلبا، گورنمنٹ کالج برائے خواتین کوپر روڈ کی وائس پرنسپل، گورنمنٹ کالج ٹاؤن شپ کے پروفیسر اور سابق لیگی یوسی چیئرمین سجاد ربانی ایڈوکیٹ بھی وائرس میں مبتلا ہوگئے، مختلف ہسپتالوں کے آئی سی یوز میں35 مریض زیر علاج، 7 وینٹیلیٹر پر موجود ہیں۔
دوسری جانب پنجاب کے اہم ضلع لیہ میں کورونا کے کیسز مثبت آنے پر 3 سرکاری سکولوں کو بند کردیا گیا، گورنمنٹ ہائی سکول 124 کے ٹیچر اور 2 طالبعلموں کا ٹیسٹ مثبت آنے پر بند کیا گیا جبکہ گورنمنٹ گرلز ہائی سکول کینال کالونی لیہ کی طالبہ کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر بند کردیا گیا، ڈی ای او تعلیم توکل حسین نے بتایا کہ سکولوں میں ٹیسٹ مثبت آنے پر سکولوں کو 1 ہفتہ کے لئے بند کیا ہے جن کو محکمہ صحت کی مشاورت کے بعد اوپن کیا جائے گا۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹرکے اعداد وشمارکےمطابق گزشتہ ایک روزمیں26 ہزار565 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 1ہزار313 کیسزپازیٹیوآئے ،مجموعی کیسز3 لاکھ 37 ہزار573 تک پہنچ گئے,سندھ 1لاکھ 47 ہزار 295 کے ساتھ سرفہرست ،پنجاب 1لاکھ 5 ہزار197 ،خیبرپختونخواہ 39 ہزار889،اسلام آباد 20 ہزار471 اوربلوچستان میں 16ہزارمتاثرہوچکے ۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 18اموات ہوئیں مجموعی تعداد 6ہزار867ہوگئی ،پنجاب میں 8 اور سندھ میں 6 افراد جاں کی بازی ہار گئے ، ملک بھرمیں ایکٹو کیسزکی تعداد 14ہزار646 تک پہنچ گئی ،جبکہ اسپتالوں میں 959 مریض زیرعلاج جبکہ 117 وینٹی لیٹر پر موجود ہیں .