ویب ڈیسک: پاکستان سے بھارت جانے والی خاتون سیما حیدر کے گھر میں زبردستی گھسنے والے شخص کو بھارتی پولیس نے گرفتار کر لیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک شخص سیما حیدر اور ان کے شوہر سچن مینا کے گھر میں زبردستی داخل ہو گیا جس کے باعث علاقے میں افرا تفری مچ گئی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس فوراً موقع پر پہنچی اور مذکورہ شخص کو گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق ملزم کی شناخت "تیجس" کے نام سے ہوئی ہے جو بھارتی ریاست گجرات کا رہائشی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش میں تیجس کو ذہنی بیماری کا شکار پایا گیا ہے۔ دورانِ تفتیش ملزم نے دعویٰ کیا کہ سیما حیدر اور سچن مینا نے اس پر کالا جادو کروایا ہے۔
پولیس نے واقعے کی مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے جبکہ سچن اور سیما حیدر کی سیکیورٹی بھی بڑھا دی گئی ہے۔