سٹی42:ملک کے بیشتر علاقوں میں آندھی/جھکڑ اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، اس دوران چند مقامات پر ژالہ باری/ موسلادھار بارش کی بھی توقع ہے۔
شہر لاہور میں بادلوں نے ڈیرے ڈال لیے جس کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کے 5 سے 10 فیصد امکانات موجود ہیں تاہم دن بھر مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 26 سے 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ درجہ حرارت 23 سے 31 ڈگری کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔ ہواؤں کی رفتار 5 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے۔
فضائی آلودگی میں کمی نہ آ سکی، لاہور تیسرے نمبر پر آگیا ہے اگرچہ موسم خوشگوار ہے لیکن فضائی آلودگی کی صورتحال بدستور تشویشناک ہے۔ ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) کے مطابق لاہور پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں تیسرے نمبر پر آ گیا ہے جہاں فضائی آلودگی کی مجموعی شرح 115 ریکارڈ کی گئی ہے۔ شاہراہِ قائد اعظم میں 65، عسکری ٹین میں 80، پاور زون ہیڈ آفس میں 102اور طفیل روڈ میں 105ریکارڈ کی گئی ہے۔ماہرین نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں، ماسک کا استعمال کریں اور ماحولیاتی احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے گرمی سے ستائے کراچی کے شہریوں کیلئے بارش کا امکان ظاہر کردیا۔ محکمہ موسمیات نے کہاہے کہ5مئی سے شہر میں بادل برسیں گے،5مئی کی شام کو شہر میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے ،بارش کا سلسلہ ایک سے دو روز تک جاری رہے گا، محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ 5 مئی سے سندھ پر اثرانداز سسٹم کو بحیرہ عرب سے نمی سے تقویت ملے گی،اس سسٹم کے تحت کراچی میں بھی بارش کا امکان ہے۔
دوسری جانب اس دوران سندھ میں مختلف مقامات پر گرد آلود آندھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے ،دادو، حیدرآباد، قمبر شہدادکوٹ، جامشورو، ٹنڈو محمد خان، بدین، ٹھٹھہ،میں گرد آلود آندھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ مٹیاری، ٹنڈو الہ یار، میرپورخاص، شہید بینظیر آباد اور گردونواح میں گرد آلود آندھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا قوی امکان ہے۔