(قیصر کھوکھر) محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی اور آئی جی پنجاب آفس کے درمیان اختیارات کی سرد جنگ کے باعث انتظامی معاملات التواء کا شکار ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا۔
محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی نے آئی جی پنجاب پولیس آفس کو ہدایت کی ہے کہ وہ کوئی بھی سمری براہ راست وزیراعلیٰ کو ارسال نہ کریں، بلکہ وزیراعظم کو سمری ارسال کرنے کا اختیار محکمہ ایس اینڈجی اے ڈی کا ہی ہے۔
محکمے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ وزیر اعلیٰ کو بھجوائی جانیوالی سمریاں پہلے محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی کو بھیجی جائیں، محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی سمری کا جائزہ لینے کے بعد اسے وزیراعلیٰ کو بھجوائے گا۔
محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی نے سیکرٹری ٹو وزیر اعلیٰ کو بھی اس حوالے سے خط بھجوایا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وہ آئی جی آفس سے براہ راست بھیجی گئی کسی سمری کو منظور نہ کریں، پولیس افسران کے تقرر و تعیناتی کی سمریاں بھیجنے کا روٹ محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی ہے۔
یاد رہے کہ آئی جی آفس نے اس سے قبل وزیر اعلیٰ کو براہ راست سمری بھیج کر ایس پی سکیورٹی ایوان وزیر اعلیٰ کی منظوری کروا لی تھی جس کا نوٹیفکیشن جاری کرنے سے محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی نے انکار کر دیا تھا۔