( علی عباس ) پنجاب حکومت کی حکومتی اراکین اسمبلی کو 2 ارب 55 کروڑ روپے کی گرانٹ جاری جبکہ لاہور کے لیے 85 کروڑ جاری کیے گئے ہیں، فنڈز صرف حکومتی اراکین کےحلقوں میں پرخرچ کیے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے تحریک انصاف کے ایم پی ایز کے حلقوں میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے 12 ارب روپے مالیت کا کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام منظور کیا تھا۔ جس کا مقصد اراکین اسمبلی کے حلقوں میں مختلف ترقیاتی سکیموں کی تکمیل تھا۔
سٹی فورٹی ٹو کو موصول ہونے والے دستاویزات میں بتایا گیا کہ پنجاب حکومت نے ابتدائی طور پر پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی کے حلقوں کے لیے 2 ارب 55 کروڑ روپے کی گرانٹ جاری کی ہے۔ ذرائع کے مطابق ابتدائی طور پر صرف تین اضلاع کے حکومتی اراکین اسمبلی کے لیے فنڈزجاری کیے گئےہیں۔ جن میں ضلع لاہور کے حکومتی اراکین اسمبلی کے لیے 85 کروڑ روپے کا اجرا کیا گیا۔ ڈی جی خان کے لیے 1 ارب 30 کروڑ اور ملتان میں حکومتی ارکان اسمبلی کے لیے 40 کروڑ روپے جاری کیے گئے ہیں۔
محکمہ خزانہ پنجاب نے رقم متعلقہ ایم پی ایز کے اضلاع میں ڈپٹی کمشنرز کے اکاؤنٹس میں منتقل کردیئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ حکومتی اراکین اسمبلی کی جانب سے جو سکیمیں متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ارسال کی گئی ہیں ان کی تکمیل پر یہ فنڈز استعمال کیے جائیں گے۔