شاہد سپرا: لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے افسران اور ملازمین کی حاضری کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے نئی ٹیکنالوجی متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
اس سلسلے میں کمپنی نے ایمپلائی سیلف سروس (ESS) موبائل ایپ کے ذریعے حاضری لگانے کا پائلٹ پراجیکٹ شروع کر دیا ہے۔
ابتدائی مرحلے میں یہ منصوبہ لیسکو ہیڈکوارٹرز، آئی ٹی سینٹر اور عزیز بھٹی ڈویژن میں نافذ کیا گیا ہے، جہاں ملازمین اپنی حاضری ای ایس ایس موبائل ایپ کے ذریعے درج کر سکیں گے۔
حکام کے مطابق ای ایس ایس موبائل ایپ کے ذریعے اٹینڈنس مینجمنٹ سسٹم کا نفاذ ادارے میں شفافیت، سہولت اور جدید انتظامی نظام کو فروغ دینے کی جانب اہم پیش رفت ہے۔
لیسکو انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ پائلٹ منصوبے کے دوران بائیو میٹرک حاضری کا موجودہ نظام بھی برقرار رہے گا ۔
چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ کے مطابق منصوبے کی کامیابی کے بعد اس جدید حاضری نظام کو مرحلہ وار لیسکو کے دیگر دفاتر اور شعبوں تک بھی توسیع دی جائے گی۔