(مانیٹرنگ ڈیسک ) قومی ٹیم کے سابق ٹیسٹ کپتان جاوید میاں داد نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے انگلینڈ کی صورتحال پاکستان سے زیادہ خراب ہے۔
پی اینڈ ٹی کالونی میں اپنے نام سے منسوب پارک کی افتتاحی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جاوید میاں داد نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے پوری دنیا مشکل میں ہے، پاکستان کرکٹ ٹیم کو بہت سوچ سمجھ کے دورہ انگلینڈ پر جانا ہوگا، جانوں کا تحفظ سب سے زیادہ اہم ہے۔
قومی ٹیم کے سابق ٹیسٹ کپتان کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کے دورے کے موقع پر کھلاڑیوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے، دیکھا جائے کہ انگلینڈ کا دورہ پاکستان کے لیے موزوں بھی ہے یا نہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کے حوالے سے پابندیوں پر پی سی بی سوچ سمجھ کر فیصلے کرے، سوشل میڈیا آزادی اظہار کا بہترین ذریعہ ہے۔
سابق ٹیسٹ کپتان جاوید میاں داد کا کہنا تھا کہ شعیب اختر تنازع ایف آئی اے میں نہیں جانا چاہیے، پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) کے بڑوں کو یہ معاملہ آپس میں سلجھا لینا چاہیے۔ پی سی بی سے چھوٹے درجہ کے ملازمین کو برخواست کرنے کے حوالے سے جاوید میاں داد نے کہا کہ بورڈ اس حوالے سے بہت دیکھ بھال کر اقدامات کرے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) کو ہر ایک کے ساتھ درست اورشفاف طریقہ سے برتاو اپنانے کی ضرورت ہے، قبضہ کیے جانے والے میدانوں کو واگزار کرایا جائے، کھیلوں کے میدانوں کو آباد کرنا ہم سب کے مفاد میں ہے، انہوں نے پارک کو اپنے نام سے منسوب کرنے پر کنٹونمنٹ بورڈ کا بھی شکریہ ادا کیا، افتتاحی تقریب کے موقع پرکلفٹں کنٹونمنٹ بورڈ کے صدر بریگیڈیئر عابد علی عسکری اورسی ای او رانا کاشف شہزاد نے بھی اظہار خیال کیا۔