ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

چین کا بڑا قدم، تائیوان کے گرد سمندر میں نئی کشیدگی شروع

چین کا بڑا قدم، تائیوان کے گرد سمندر میں نئی کشیدگی شروع
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی 42: چین نے تائیوان کے مشرقی ساحلی پانیوں میں اپنی کوسٹ گارڈ کی نئی گشت شروع کر دی ہے، جس کے بعد خطے میں ایک بار پھر کشیدگی بڑھ گئی ہے۔ بیجنگ کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی اپنے سمندری حقوق اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے کی جا رہی ہے، جبکہ تائیوان نے اس اقدام کو بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔

چینی کوسٹ گارڈ کے مطابق گشت کے دوران قانون نافذ کرنے سے متعلق کارروائیاں کی جائیں گی اور مستقبل میں بھی ایسے آپریشن جاری رہیں گے۔ دوسری جانب تائیوان کی حکومت نے کہا ہے کہ چین کو تائیوان کے مشرقی سمندری علاقوں میں کسی قسم کے خودمختار یا قانونی اختیارات حاصل نہیں۔

تائیوان کی کوسٹ گارڈ کے مطابق دو چینی جہاز ہولین کے ساحل سے تقریباً 54 ناٹیکل میل کے فاصلے پر موجود ہیں، جن کی نگرانی کے لیے تائیوان نے بھی اپنے جہاز تعینات کر دیے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ اگر چینی جہاز تائیوان کے سمندری حدود میں مداخلت کریں گے تو انہیں روکنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔

گزشتہ ایک ماہ کے دوران یہ دوسرا موقع ہے جب چین نے تائیوان کے مشرقی ساحل کے قریب کوسٹ گارڈ کے جہاز بھیجے ہیں۔ اس پیش رفت پر امریکا، برطانیہ، فرانس اور جرمنی سمیت کئی مغربی ممالک پہلے ہی تشویش کا اظہار کر چکے ہیں، جبکہ خطے میں سفارتی تناؤ مزید بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔