ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

مسلسل چوریوں سے تنگ شہریوں نے چوروں کو ٹیپ میں لپیٹ دیا، ویڈیو وائرل

مسلسل چوریوں سے تنگ شہریوں نے چوروں کو ٹیپ میں لپیٹ دیا، ویڈیو وائرل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: انڈونیشیا میں مسلسل چوری کی وارداتوں سے پریشان شہریوں نے مبینہ چوروں کو خود پکڑنے کی کوشش کی، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد قانونی اور اخلاقی بحث چھڑ گئی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایک رہائشی نے اپنے پڑوسیوں کے تعاون سے مبینہ چوروں کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرنے کے لیے منصوبہ بندی کی، جس کے دوران چار مشتبہ افراد کو قابو میں لے لیا گیا۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مقامی افراد نے چاروں مشتبہ افراد کو سر سے پاؤں تک ڈکٹ ٹیپ سے اس طرح لپیٹ دیا کہ وہ حرکت کرنے سے قاصر ہو گئے۔ ان کی غیر معمولی شکل و صورت نے انہیں کارٹون کرداروں جیسا بنا دیا، جس کے باعث یہ ویڈیو تیزی سے مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ہو گئی۔

واقعے نے انٹرنیٹ صارفین کو دو مختلف آراء میں تقسیم کر دیا۔ ایک طبقے نے شہریوں کے اس اقدام کو بڑھتی ہوئی چوری کی وارداتوں کے خلاف فوری ردعمل قرار دیتے ہوئے کہا کہ مقامی افراد نے اپنی جان و مال کے تحفظ کے لیے یہ قدم اٹھایا۔

دوسری جانب متعدد صارفین نے اس طرزِ عمل پر تنقید کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ کسی بھی مشتبہ شخص کو سزا دینا یا اس کی سرِعام تذلیل کرنا قانون کے دائرے میں نہیں آتا۔ ان کے مطابق ایسے افراد کو فوری طور پر پولیس کے حوالے کیا جانا چاہیے تاکہ قانونی تقاضوں کے مطابق کارروائی ہو سکے۔

قانونی اور سماجی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ عوام میں بڑھتے ہوئے عدم تحفظ اور جرائم کے حوالے سے تشویش کی عکاسی ضرور کرتا ہے، لیکن قانون کو اپنے ہاتھ میں لینا اور عدالتی عمل سے ہٹ کر کسی کے ساتھ ایسا سلوک کرنا کئی قانونی اور اخلاقی سوالات کو جنم دیتا ہے۔

تاحال یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ گرفتار کیے گئے چاروں مشتبہ افراد کے خلاف پولیس نے کیا کارروائی کی ہے، جبکہ مقامی حکام کی جانب سے بھی اس معاملے پر کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔