سٹی 42 : این ڈی ایم اے نے گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کے لیے گلیشیائی جھیل پھٹنے کے باعث سیلابی صورتحال (GLOF) کا الرٹ جاری کردیا۔
پاکستان کے شمالی علاقہ جات میں درجہ حرارت میں مسلسل اضافے اور ممکنہ بارشوں کے باعث گلیشیائی علاقوں میں GLOF کا خطرہ بڑھ گیا۔ این ڈی ایم اے نے پی ڈی ایم اے خیبر پختونخواہ، جی بی ڈی ایم اے، اور ڈی ڈی ایم اے کو حساس علاقوں کی نگرانی کی ہدایت دے دی۔ اسکے علاوہ متاثرہ علاقوں میں ریسکیو 1122، فائربریگیڈ، سول ڈیفنس، اور ایمبولینس سروسز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی گئی، جبکہ حساس علاقوں میں فوری وارننگ، انخلا اور ردعمل کو یقینی بنانے کے لیے مشقیں کروانے کی بھی ہدایت کردی گئی ۔
این ڈی ایم اے کے مطابق متعلقہ ادارے حساس علاقوں میں ایمر جنسی مشینری اور آلات کی بروقت دستیابی یقینی بنائیں۔ عوام سے التماس ہے کہ نالوں، دریاؤں، اور تیز بہاؤ والی آبی گزرگاہوں کے قریب جانے سے گریز کریں، سیاح حضرات گلیشیئر کے قریبی علاقوں میں جانے، تصاویر بنانے یا ٹریکنگ سے گریز کریں۔
این ڈی ایم اے نے ہنگامی صورتحال میں سڑکوں کی بحالی کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کر دیں، کہنا ہے کہ تمام متعلقہ ادارے کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کو یقینی بنائیں۔