ویب ڈیسک: سابق قومی کرکٹ کپتان وسیم اکرم کو سالِ نو کے موقع پر پاکستانی عوام کو کھانے پینے کے حوالے سے دیے گئے ایک متنازع مشورے پر شدید عوامی تنقید کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد انہوں نے اپنے الفاظ پر معذرت کرلی۔
تفصیلات کے مطابق وسیم اکرم کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، جس میں انہوں نے پاکستانیوں کو بے تحاشا کھانے سے باز رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے ناپسندیدہ الفاظ استعمال کیے۔ ویڈیو منظرعام پر آنے کے بعد صارفین نے انہیں پاکستانیوں کو ’’ڈنگر‘‘ کہنے پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
تنقید کے بعد وسیم اکرم کی ایک اور ویڈیو سامنے آئی، جس میں انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اگر ان کے الفاظ سے کسی کی دل آزاری ہوئی ہے تو وہ اس پر معذرت خواہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ لوگ اکثر باتوں کے الفاظ پکڑ لیتے ہیں اور خامیاں نکالنے میں لگ جاتے ہیں، لیکن اصل پیغام کو نظرانداز کر دیتے ہیں۔
سابق کپتان نے اپنے بیان کا ایک مختلف انداز میں دفاع بھی کیا اور کہا کہ ان کا مقصد پاکستانی عوام کو صحت کے حوالے سے آگاہی دینا تھا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سچی بات اکثر کڑوی لگتی ہے، تاہم ان کا ارادہ کسی کی توہین کرنا نہیں تھا۔ آخر میں انہوں نے دعا کی کہ اللہ سب کو ہدایت دے۔
واضح رہے کہ وسیم اکرم نے اپنے ابتدائی بیان میں پاکستانیوں کو بے حساب اور غیر ضروری کھانے کے صحت پر منفی اثرات سے آگاہ کرنے کی کوشش کی تھی، تاہم ان کے الفاظ نے تنازع کی شکل اختیار کرلی۔