ملک اشرف : سرکاری سکولز کو نجی اور سرکاری اشتراک سے چلانے کے فیصلے کیخلاف درخواست، لاہور ہائیکورٹ نے اٹارنی جنرل پاکستان اور ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو آئندہ سماعت پر معاونت کیلئے طلب کر لیا ۔
جسٹس شاہد کریم نے جوڈیشل ایکٹوازم پینل کے سربراہ اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت کی۔ جس میں پنجاب ایجوکیشن فاونڈیشن کی مختلف دفعات کو چیلنج کیا گیا ہے۔ عدالت نے درخواست پر نوٹس جاری کرکے جواب بھی مانگ لیا۔ درخواست گزار تنظیم کے وکیل اظہر صدیق نے نکتہ اٹھایا کہ پنجاب ایجوکیشن فاونڈیشن کسی سرکاری سکول کو آوٹ سورس نہیں کرسکتی، ایسا کرنا آئین کے منافی ہے۔ وکیل کے مطابق صوبائی حکومت پنجاب ایجوکیشن فاونڈیشن کے ذریعے سرکاری سکولز کو نجی اشتراک سے چلانے کیلئے انہیں آوٹ سورس کر رہی ہے، جس عام شخص کیلئے تعلیم مہنگی ہو جائے گی۔ پنجاب حکومت کو سرکاری سکولز آوٹ سورس کرنے سے روک دیا جائے۔