ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

بلوچستان میں موسلا دھار بارش، ندیوں میں سیلاب،میرانی ڈیم بھر گیا، ایک شہری جاں بحق

Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42: بلوچستان میں آواران سے زیارت تک موسلا دھار بارش نے جل تھل ایک کردیا،  مکران میں7 گھنٹے مسلسل بارش سے  سامی ندی میں طغیانی آگئی جبکہ میرانی ڈیم پانی سے لبا لب بھر گیا۔

تربت کے نواحی علاقے گھنہ اور ناصر آباد میں بارش اور برساتی پانی آنے سے کچے مکانات اور دیواروں کو نقصان پہنچا ،ضلع خضدار کے علاقے وڈھ میں آسمانی بجلی گر نے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔

تربت اور پنجگور میں سب سے زیادہ بارش

موسلا دھار بارشیں برسانے والے مغربی  لو پریشر سسٹم کے  سبب  گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران تربت میں 68 ملی میٹر اور پنجگور میں 26 ملی میٹر بارش پڑ چکی ہے جبکہ بارش کا سلسلہ ہنوز جاری ہے۔ خضدار میں 22 ملی میٹر،قلات میں 11 ایم ایم،لسبیلہ میں 9 ایم ایم،کوئٹہ اور سبی میں 8 ایم ایم،بارکھان میں 1ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔

24گھنٹوں کے دوران آواران ، ہرنائی ،جعفرآباد ،بولان ،شیرانی ،کوہلو ،گوادر اور دالبندین میں بھی تھوڑی بارش ہوئی۔ موسلادھار بارش کے بعد کیچ کور ندی اور سامی ندی میں سیلاب کی صورتحال پیدا ہو گئی تاہم اس سے کسی آبادی کو کوئی خطرہ درپیش نہیں۔

سیلاب میں پھنسے مسافروں کی مدد

پی ڈی ایم اے کے مطابق کیچ کے نواحی علاقے سامی ندی میں دوگاڑیاں پھنس گئیں ،پھنسے ہوئے گاڑیوں میں سوار 9 افراد کو نکالنے کے لیے ایف سی اور پی ڈی ایم اے نے مشترکہ ریسکیو آپریشن کیا اور دریائے سامی میں پھنسے  شہریوں کو پانی سے نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کر دیا۔