سٹی 42 : محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ پہاڑی علاقے شدید سرد رہنے کی توقع ہے، تا ہم گلگت بلتستان ، کشمیر ، خیبرپختونخوا ، بالائی پنجاب اور شمالی بلوچستان میں مطلع جزوی ابر آلود/ ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ پنجاب اور خیبر پختونخواکےمیدانی علاقوں میں سموگ جبکہ چند مقامات پر دھند پڑنے کا امکان ہے۔
جمعہ کے روز موسم کی صورتحال کے متعلق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد اور گردونواح میں موسم سرداورمطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود/ ابر آلود رہنے جبکہ پہاڑی علاقوں میں رات/صبح کے اوقات میں شدید سرد رہنے کا امکان ہے، تاہم دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام اور گردونواح میں چند مقامات پر ہلکی بارش/بلندپہاڑوں پر ہلکی برفباری ہو سکتی ہے ۔ اس کے علاوہ پشاور،صوابی،مردان،ڈی آئی خان اور گردونواح میں رات/صبح کے اوقات میں چند مقامات پر دھند کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ مری، گلیات اور گردو نواح میں موسم سرداور مطلع جزوی ابر آلود/ ابر آلود رہنے کی توقع ہے، جبکہ سیالکوٹ،نارووال، لاہور،شیخوپورہ،گوجرانوالہ،گجرات، جہلم،فیصل آباد، ساہیوال،ملتان،خانیوال، لیہ،کوٹ ادو ،بہاولپور اور گردونواح میں سموگ جبکہ صبح اوررات کے اوقات میں چند مقامات پر دھند پڑنے کا امکان ہے۔
علاوہ ازیں سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک جبکہ صبح / رات میں سرد رہنے کا امکان ہے ۔ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابرآلود رہنے جبکہ شمالی اضلاع میں صبح / رات کے اوقات میں شدید سرد اور مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع ابرآلود رہنے کے ساتھ چند مقامات پر ہلکی بارش/بلندپہاڑوں پر ہلکی برفباری ہو سکتی ہے ۔