راؤ دلشاد: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے خوشاب کے ارکان صوبائی اسمبلی آصف ملک اور ظفر عباس خان نے ملاقات کی، جس میں ملکی سیاسی امور، ترقیاتی منصوبوں اور حلقے کے عوامی مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران ارکان صوبائی اسمبلی نے وزیراعلیٰ پنجاب کو خوشاب میں درپیش عوامی مسائل سے آگاہ کیا، جس پر مریم نواز نے مسائل کے حل کے لیے اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔
آصف ملک اور ظفر عباس خان نے آزاد جموں و کشمیر میں عوام کا بھرپور اعتماد حاصل کرنے پر وزیراعلیٰ کو مبارکباد دی، جبکہ خوشاب میں الیکٹرک بس سروس کے آغاز پر بھی مریم نواز کا شکریہ ادا کیا۔
ارکان اسمبلی نے آزاد کشمیر کے عوام کے لیے 10 الیکٹرو بسوں کا تحفہ دینے کے اقدام کو سراہتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کو خراج تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر مریم نواز نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب سمیت پورے ملک اور آزاد کشمیر کی مقبول ترین عوامی جماعت ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائد محمد نواز شریف کی قیادت میں پنجاب اور ملک کو ترقی کی راہ پر آگے لے کر جائیں گے۔
ملاقات میں حلقوں کی ترقی، عوامی فلاحی منصوبوں اور حکومتی اقدامات کو مزید مؤثر بنانے کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی۔