ملک اشرف : لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے 5 اگست کو مینارِ پاکستان پر جلسے کی اجازت سے متعلق دائر درخواست سماعت کے لیے مقرر کر دی ہے۔ رجسٹرار آفس نے درخواست کو 5 اگست کو سماعت کے لیے مقرر کرتے ہوئے کاز لسٹ جاری کر دی۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مرزا وقاص رؤف شہری میاں اکرم عثمان کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کریں گے۔ درخواست میں ڈپٹی کمشنر لاہور کو فریق بنایا گیا ہے اور مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ جلسے کے لیے این او سی کے حصول کی غرض سے متعلقہ حکام کو درخواست دی گئی، تاہم تاحال اس پر کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ انہوں نے 5 اگست کو مینارِ پاکستان میں جلسہ منعقد کرنے کے لیے ضابطہ کار کے مطابق ڈپٹی کمشنر لاہور کو این او سی کے اجرا کی درخواست دی، لیکن مقررہ وقت گزرنے کے باوجود انتظامیہ نے درخواست پر کوئی فیصلہ نہیں کیا، جو قانون اور آئین کے منافی ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ این او سی کے معاملے پر فیصلہ نہ کرنا غیر قانونی اقدام ہے، جبکہ جلسے کی اجازت نہ دینا شہریوں کے آئین میں دیے گئے بنیادی حقوق، خصوصاً اجتماع اور اظہارِ رائے کی آزادی، کی خلاف ورزی کے مترادف ہے۔درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ ڈپٹی کمشنر لاہور کو این او سی کی درخواست پر فوری اور قانون کے مطابق فیصلہ کرنے کا حکم دیا جائے تاکہ درخواست گزار کے آئینی حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔