(حسن علی) مہنگائی اور ٹیکسز کے ستائے عوام کیلئے بُری خبر, متحدہ نان روٹی ایسوسی ایشن نے ایک بارپھر روٹی اور نان کی قیمت میں اضافے کا عندیہ دیدیا۔
ایسوسی ایشن کے صدر آفتاب گل نے کہا ہے کہ حکومت کی تندروں کے لئے ڈیڑھ ارب کی سبسڈی دینے کی پالیسی واضح نہیں، جبکہ آٹے کی قیمت میں بھی تاحال کمی نہیں ہو سکی، اس لئے کل پیرکواجلاس بلالیا ہے، جس میں حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
آفتاب گل نے کہا کہ ڈیڑھ ارب کی سبسڈی آٹے میں نمک کے برابر ہے، حکومت کی جانب سے سستے آٹے کی فراہمی کی یقین دہانی بھی کروائی گئی تھی لیکن تاحال آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 830 روپے سے 850 روپے میں مل رہا ہے، جبکہ سادہ روٹی کی قیمت 6 روپے جبکہ نان اور خمیری روٹی کی قیمت 12 روپے میں ہی شہر میں فروخت ہو رہی ہے، جس سے تندور مالکان کو نقصان ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہاکہ حکومت حقیقی معنوں میں عوام کو سستی روٹی فراہم کرنا چاہتی ہے تو تندروں کے لئے 700 روپے فی یونٹ گیس اور آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 770 روپے میں فراہم کرے۔