(قذافی بٹ) وزیراعظم عمران خان آج ایک روزہ دورے پر لاہور آئیں گے اور صوبے میں کورونا سے پیدا ہونے والی صورت حال کا جائزہ بھی لیں گے۔
ذرائع کے مطابق گورنر ہاؤس میں منعقدہ ریلیف فنڈ ٹائیگر فورس کی تقریب سے خطاب کریں گے،وزیراعظم کومریضوں کی تعداد، مرض سے بچاؤ کے اقدامات، قرنطینہ کی تعداد پر بریفنگ دی جائیگی،وزیراعظم کو غریب خاندانوں میں راشن کی تقسیم کے بارے میں بھی آگاہ کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ وزیراعظم عمران خان اپنے ایک روزہ دورےکے دوران گورنر پنجاب چودھری محمد سرور اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ون آن ون ملاقات بھی کریں گے، پنجاب کی ہیلتھ ٹیم بھی وزیر اعظم سے ملاقات کرے گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت قومی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہواتھا ،جس میں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، عسکری حکام سمیت وفاقی وزرا،چیئرمین این ڈی ایم اے بھی موجود تھے۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کورونا سے متعلق اعدادوشمار کسی صورت نہ چھپائے جائیں، معلومات چھپانا قومی سلامتی خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہوگا۔
واضح رہےکہ دنیا بھر میں تباہی مچانے والا کورونا وائرس پاکستان میں بھی اپنے پھیلاؤ کو بڑھا رہا ہے اور ملک میں مزید نئے کیسز کے بعد تعداد 2583تک پہنچ گئی جبکہ ابھی تک 40 افراد موت کے منہ میں چلے گئے جبکہ107 افراد کے صحت یاب ہونے کی تصدیق کی گئی ہے، پاکستان میں سب سے زیادہ کیسز پنجاب میں رپورٹ ہوئے ہیں، اس وقت صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کے1069کنفرکیس ہیں جبکہ 11اموات ہوئی ہیں، حکومت پاکستان اس خطرناک وائرس کو کنٹرول کرنے کیلئے مختلف اقدامات کر رہی ہیں۔
لاہور سمیت پنجاب بھر میں آج لاک ڈاؤن کا 12 واں روز ہے، تمام مارکیٹیں، شاپنگ پلازے ، سینما گھر ، شادی ہالز بند ہیں، شہری گھروں میں محصور ہیں، لاک ڈاؤن سے سب سے زیادہ غریب طبقہ متاثر ہوا، حکومت کی جانب سے25 لاکھ غریب خاندان کو 4000 روپے ماہانہ مالی امداد دینے کا اعلان کیا گیا۔