(مانیٹرنگ ڈیسک)کامیڈی کے بے تاج بادشاہ عمر شریف کے انتقال کے بعد انکی اہلیہ زرین عمر کا پہلا ویڈیو پیغام سامنے آگیا۔
پاکستان کے معروف کامیڈین عمر شریف طویل علالت کے بعد جرمنی میں انتقال کر گئے، عمر شریف کے انتقال کے بعد اہلیہ زرین عمر کا پہلا ویڈیو پیغام سامنے آگیا جس میں انہوں نے پاکستان، بھارت اور دنیا بھر سے اظہار تعزیت کرنے والوں اورجنہوں نے عمر شریف کی بیماری میں ان کے لیے دعائیں کیں ان کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ حکومت پاکستان، وزیر اعظم عمران خان، سندھ حکومت اور وزیراعلیٰ سندھ کا بھی شکریہ ادا کرتی ہوں، جرمنی میں تعینات کونسلر جرنل زاہد حسین صاحب پاکستانی سفیر ڈاکٹر محمد فیصل کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔
زرین عمر نے کہا کہ عمر شریف کی خواہش تھی کہ انہیں عبداللہ شاہ غازیؒ کے مزار میں دفن کیا جائے اور سندھ حکومت کی جانب سے ان کی خواہش کا احترام کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں ہمیشہ عمر شریف کے ساتھ رہی ہوں اور آج آخری وقت میں بھی میں ان کے ساتھ ہوں، پاکستان میں مولانا تقی عثمانی صاحب سے درخواست کی ہے کہ وہ عمر شریف کا نماز جنازہ پڑھائیں۔