(سٹی42)محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور شہر کا موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے جس کیوجہ سے شہر میں حبس کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے، ملک کے بیشتر علاقوں میں بھی موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج لاہور شہر کا موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب زیادہ ہونے سے حبس بڑھ جائے گا ۔ آج شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔صبح کے وقت کم سے کم درجہ حرارت 23 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ صبح کے وقت ہوا میں نمی کا تناسب 58 فیصد تھا۔ شام کے وقت یہ تناسب 40 فیصد رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کے روز بھی شہر کا موسم خشک رہنے امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں موسم خشک رہے گا، پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک ر ہے گا، سندھ،بلوچستان کے بیشترعلاقوں میں موسم خشک جبکہ جنوبی علاقوں میں گرم رہے گا، خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہےگا،کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے اور چند مقا مات پر ہلکی بارش کی توقع ہے۔
واضح رہے کہ لاہور پر سموگ کا خطرہ بھی منڈلانے لگا جس کی وجہ سے ائیر کوالٹی انڈکس 250 پر پہنچ گیا، نومبر اور دسمبر کے دوران شہر میں آلودگی کے بادل چھانے کا امکان ہے، محکمہ ماحولیات کا کہنا ہے سموگ پھیلانے والے عناصر کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے۔
گزشتہ پانچ سالوں سے موسم سرما کے دوران لاہور کی فضاؤں پر سموگ کا راج رہا ہے، جس سے سانس اور آنکھوں کے امراض، پھیپھڑوں اور دل کی تکالیف بھی سامنے آتی رہی ہیں۔ سموگ کی بڑی وجوہات میں مٹی اور گرد، فصلوں کی باقیات کا جلانا، دھواں چھوڑتی فیکٹریاں، گاڑیاں اور بھٹے سرفہرست ہیں۔