(ملک اشرف) لاہور ہائیکورٹ نے شاپنگ بیگز پر پابندی کے بارے میں مسودہ قانون طلب کرلیا، عدالت نے پولی تھین بیگز سے منسلک افراد کیخلاف تا حکم ثانی تادیبی کارروائی روک دی۔
جسٹس سید مظاہرعلی اکبرنقوی کی سربراہی میں تین رکنی فل بنچ نے پولی تھین بیگز کے استعمال کے بارے میں ایک ہی نوعیت کی مختلف درخواستوں پر سماعت کی، بنچ میں جسٹس چودھری مسعود جہانگیر اور جسٹس جواد حسن بھی شامل تھے، عدالت کے روبرو چیف سیکرٹری پنجاب، سیکرٹری ماحولیات، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب اور ایڈیشنل اٹارنی جنرل آف پاکستان سمیت دیگر افسران پیش ہوئے۔
چیف سیکرٹری نے بتایا کہ پولی تھین بیگز پر پابندی کے حوالے سے مسودہ قانون بنا لیا ہے، 4 اکتوبر کو اس حوالے سے کابینہ کا اجلاس ہوگا۔
جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی نے کہاکہ حکومت کو یہ بھی دیکھنا چاہیے کہ پابندی سے متاثر افراد کا ازالہ کیسے کیا جائے، جس پر چیف سیکرٹری نے کہاکہ اس بارے میں تمام پہلوؤں کو دیکھ رہے ہیں۔
سماعت کے دوران بتایا گیا کہ تین لاکھ ساٹھ ہزار افراد اس کاروبار سے منسلک ہیں، پولی تھین بیگز ایسوسی ایشن سمیت دیگر درخواستگزاروں کے وکیل نے تجویز دی کہ اگر شاپنگ بیگ کی موٹائی میں اضافہ کردیا جائے تو نقصانات کم ہوسکتے ہیں، عدالت نے مزید کارروائی 10 اکتوبر تک ملتوی کردی۔