سٹی 42 : محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں سرد رہنے کا امکان ہے۔
منگل کے روز موسم کی صورتحال کے متعلق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد اور گردونواح میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں/آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے، اس دوران چند مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔ اس کے علاوہ خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع چترال، دیر ، سوات، کوہستان، مالم جبہ، کالام، ایبٹ آباد، مانسہرہ،ہری پور،بٹگرام ،کوہستان، پشاور، صوابی، مردان، نوشہرہ، چارسدہ ، کوہاٹ ، ہنگو، کرک ،باجوڑ،خیبر،اورکزئی ،کرم اور وزیرستان میں مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، اس دوران چند مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک ر ہنے کا امکان ہے، تاہم راولپنڈی، اٹک، جہلم، منگلہ ،چکوال،تلہ گنگ، میانوالی،خوشاب،وزیرآباد، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، قصور، شیخو پورہ اور گردونواح میں مطلع جزوی ابر آلود/ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر تیز ہواؤں/آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے، جبکہ اس دوران چند مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک جبکہ شمالی اضلاع میں صبح اور رات کے اوقات میں سرد رہنے کا امکان ہے، جبکہ اس دوران تیز /گردآلود ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔ اس کے علاوہ گلگت بلتستان اور کشمیرمیں مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔