سٹی 42 : بارکھان میں اغوا کے بعد شہری کے قتل کا واقعہ، سکیورٹی فورسز کی جانب سے بڑا آپریشن جاری ہے۔
بارکھان کے نواحی علاقے میں دہشتگردوں نے ایک شہری کو اغوا کرلیا، پولیس ذرائع کے مطابق مغوی کی شناخت ولی بخش کے نام سے ہوئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مغوی شہری وزیراعلیٰ بلوچستان کا قریبی ساتھی تھا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی آئی جی لورالائی رینج جنید احمد شیخ فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ ان کی سربراہی میں ایف سی پولیس اور قبائلی امن فورس نے دہشتگردوں کے خلاف مشترکہ کارروائی شروع کردی۔
ڈی آئی جی جنید احمد شیخ کے مطابق کارروائی کے دوران دو دہشتگرد ہلاک جبکہ ایک زخمی ہوگیا، تاہم افسوسناک طور پر دہشتگردوں نے مغوی ولی بخش کو بھی قتل کردیا۔
ذرائع کے مطابق ڈی آئی جی جنید شیخ اور وزیراعلیٰ بلوچستان کے بھائی آفتاب بگٹی کی قیادت میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن تاحال جاری ہے اور دونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ ہورہا ہے۔
ڈی آئی جی جنید شیخ کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں کو مکمل طور پر گھیرے میں لے لیا گیا ہے اور امید ہے کہ مزید دہشتگرد بھی ہلاک ہوں گے۔